بنگلورو:27؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز)غیرملکیوں کی نشاندہی کے لئے ریاست میں این آر سی جاری کرنے کو لے کر بحث چل ہی رہی ہے اسی دوران سنٹرل کرائم برانچ ( سی سی بی ) کے ذریعے بنگلور میں خصوصی کارروائی کرتےہوئے 60 بنگلہ دیشی تارکین وطن کو گرفتار کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کی مانیں تو شہر کے رام مورتی نگر، بیلمندور ، مارت ہلی پولس تھانہ حدود میں غیر ملکی زیادہ رہائش پذیر ہونے کی اطلاعات کی بنا پر انہی علاقوں میں خصوصی کارروائی کرتے ہوئے سی سی بی پولس نے غیر مصدقہ طورپر رہائش پذیر 29مرد، 22خواتین اور 9لڑکیوں کو اپنی تحویل میں لیا ہے۔ شروعاتی تفتیش سے پتہ چلاہے کہ تمام کا تعلق پڑوسی ملک بنگلہ دیش سے ہے۔
رام مورتی نگر پولس تھانہ حدود کے کلمیرے دیہات میں بنگلہ تارکین وطن چھوٹی چھوٹی جھونپڑیوں میں رہائش اختیار کئے ہوئے تھے۔ انہیں رہنے کے لئے اپنی دو ایکڑ زمین ماہانہ کرائے پر مالک نے انہیں دی تھی۔ اسی زمین پر پلاسٹک کچرا ذخیرہ اندوزی کا مرکز بھی ہے ، شہری پولس کمشنر بھاسکر راؤ نے سنیچر کو جائے وقوع کادورہ بھی کیا تھا۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلورو پولس کمشنر بھاسکرراؤ نے بتایا کہ گرفتارشدگان کو ٹھیکے کی بنیاد پر کچرا جمع کرنے ، چندیاں اٹھانے ، تعمیراتی اوربلدیہ مزدوری کے طورپر کام کرتے دیکھاگیا ہے، ابھی تک ان میں سے کوئی بھی کسی طرح کے کسی جرم میں ملوث ہونے کی جانکاری نہیں ہے۔مزید بتایا کہ گرفتار شدہ لڑکیوں اور بچو ں کو متاثرین کیمپ میں روانہ کیاگیا ہے جبکہ مردلوگوں کے ساتھ پولس تھانےمیں پوچھ تاچھ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں موجود بنگلہ دیش کے سفارت خانے سے رابطہ کرنےکے بعد گرفتارشدہ بنگلہ دیش کے تارکین وطن کو بارڈر سکیورٹی فورس کی نگرانی میں ٹرین کے ذریعے بنگلہ دیش کی سرحد تک لے جاکر چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دراصل ہمارا مقصد بنگلہ دیشیوں کو یہاں لانے والوں کا پیچھا کرنا ہے۔ خفیہ ایجنسیوں اور این آئی اے کی طرف سے دی گئی معلومات کی بنیاد پر تارکین وطن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ بنگلہ کے ان لوگوں کا دہشت گردوں کے ساتھ کچھ ربطہ ہے یا یہ لوگ اُن سے تعاون کررہے ہیں یا نہیں اس سلسلے میں جانچ ہورہی ہے۔
ایف آر آر اؤ کے تحت واپس کیا جائے گا:ریاستی حکومت غیر قانونی طورپر رہائش اختیار کئے تارکین وطن کا پتہ لگا کر انہیں ان کے ملک واپس بھیجنے کا فیصلہ کیاہے۔ اسٹوڈنٹ ویزا، سیاحتی ویزا کے طورپر یہاں آکر مدت ختم ہونے کے بعد بھی یہاں سے نہیں ہوٹے 7آفریقہ کے باشندوں کو حال ہی میں گرفتار کیاجاچکا ہے، انہیں ایف آر آر اؤ قانون کے مطابق ان کے ملک واپس بھیجنے کی کارروائی چل رہی ہے۔